Thursday, January 31, 2008

مشرف کی کم ظرفی

Full Story at BBC Urdu

پاکستان کے بعض ریٹائرڈ جرنیلوں نے صدر پرویز مشرف کے اس بیان پر سخت رد عمل ظاہر کیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ریٹائرڈ فوجیوں کی تنظیم والے ’نو گُڈ مین‘ یعنی بیکار لوگ ہیں۔

ریٹائرڈ فوجیوں کی غیر سرکاری تنظیم کے سرکردہ رہنما اور سابق آرمی چیف مرزا اسلم بیگ نے بی بی سی سے بات چیت میں صدر پرویز مشرف کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ صدر مشرف کی کم ظرفی ہے۔ جو اپنے خاندان اور اپنے ماں باپ کوگالیاں دے وہ اپنے آپ کو گالیاں دے رہا ہوتا ہے‘۔

مرزا اسلم بیگ نے کہا کہ ’پرویز مشرف کو اپنے بڑوں اور بزرگوں کا ادب ہے اور نہ ہی قومی اداروں کے لیے کوئی احترام ہے۔ یہ دیکھیں کہ کس بہانے سے انہوں نے منتخب وزیراعظم کو ہٹایا، جمہوری اداروں کو تباہ کیا اور اپنے اقتدار کے لیے انہوں نے کیا کچھ نہیں کیا۔ پھر جب عدالتیں انصاف دینے کے لیے کھڑی ہوئیں تو جو عدالتوں کا حشر کیا ہے اس کی مثال پوری مہذب دنیا میں
نہیں ملتی‘۔




ریٹائرڈ فوجیوں کی غیر سرکاری تنظیم کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض علی چشتی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’پرویز مشرف نے اگر ہم سابق فوجیوں کو ’نو گڈ مین‘ کہا ہے تو وہ خود بھی اب ریٹائرڈ جنرل ہیں۔ جب وہ اچھے نہیں ہیں تو عہدہ چھوڑ دیں۔ صدر صاحب کچھ تو اپنی بات کا مان رکھیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ملکی حالات خراب ہیں، فوج اور عوام ایک دوسرے کو مار رہے ہیں، وزیرستان میں کیا ہورہا ہے، امن امان کی حالت کیا ہے، آٹا، چینی، گیس اور بجلی غائب ہے، کیا اس کا اثر ریٹائرڈ فوجیوں پر نہیں پڑتا۔ہم اس ملک اور قوم کے مفاد میں کہتے ہیں کہ پرویز مشرف کو اب مستعفی ہونا چاہیے، انہوں نے فوج سمیت ملک کے تمام ادارے تباہ کیے ہیں‘۔

No comments: